اسلام آباد۔:دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے تصفیہ کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔
جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ سال رواں کے دوران بھی بھارت کشمیریوں کی ان کے حقوق اور آزادی کی جدوجہد کو دبانے کے لیے فوجی طاقت کا استعمال کرتا رہا ہے، پاکستان نے پورے سال کے دوران تمام متعلقہ دوطرفہ اور علاقائی فورمز کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی کشمیری عوام کے لیے آواز اٹھائی، پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خاتمے اور کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ایک منصفانہ حل کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ او آئی سی وزراءکونسل کے 48 ویں اجلاس اور جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ نے تنازعہ جموں و کشمیر پر اہم قراردادیں منظور کیں اور ایکشن پلان پر اتفاق کیا۔ ترجمان نے کہا کہ اس سال 11 دسمبر کو او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے مظفر آباد اور لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا جو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورتحال کے بارے میں تنظیم کی مسلسل تشویش کا ایک اور مظہر تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے تصفیہ کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔

Leave feedback about this