امریکہ(نیٹ نیوز)امریکی ریاست کیلیفورنیا کی مرسڈ کاؤنٹی پولیس نے بدھ کی شام ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ انھیں ایک پنجابی خاندان کے چار افراد کی لاشیں ملی ہیں جنھیں چند روز قبل اغوا کیا گیا تھا۔پولیس پچھلے کچھ دنوں سے اس خاندان کی تلاش کر رہی تھی۔ ان میں 27 سالہ جسلین کور، 36 سالہ جسدیپ سنگھ، 39 سالہ امن دیپ سنگھ اور ایک آٹھ ماہ کی بچی شامل تھی۔پولیس نے کہا ہے کہ اس معاملے میں ان کے پاس مشتبہ ملزمان سے متعلق معلومات ہیں، لیکن اس بارے میں وہ مزید تفصیل نہیں بتا سکتے۔پولیس نےبتایا ’شام ساڑھے پانچ بجے ہمیں ایک کسان نے اس بارے میں فون کر کے اطلاع دی تھی، جس کے بعد ان چاروں کی لاشوں کو برآمد کیا گیا۔‘پولیس نے اس معاملے میں ایک مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کیا تھا، لیکن بعد میں پتہ چلا کہ اس کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ منگل کو پولیس نے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ ملزم کو پکڑنے میں پولیس کی مدد کریں۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق اس خاندان کا تعلق انڈیا کے شہر ہوشیار پور سے تھا۔پولیس نے کہا ہے کہ اس خاندان کو گذشتہ پیر کو مرسڈ کے ایک کاروباری ادارے سے بندوق کی نوک پر اغوا کیا گیا تھا۔

Leave feedback about this