ٹورنٹو (کیو نیوز) پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا پہنچنے کے بعد پراسرار طور پر لاپتا ہوگیا ۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران کینیڈا میں غائب ہونے والے پی آئی اے ملازمین کی تعداد سات ہوگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق فضائی میزبان اعجاز علی شاہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کے ذریعے اسلام آباد سے کینیڈا پہنچا ۔ اسے 16 اکتوبر کو پرواز پی کے 782 کے ذریعے واپس اسلام آباد روانہ ہونا تھا تاہم وہ ٹورنٹو ائیرپورٹ سے پر سرار طور پر غائب ہوگیا۔ اعجاز علی کے ڈیوٹی پر نہ پہنچنے پر کینیڈین بارڈر سیکیورٹی فورس کو اطلاع کردی گئی ہے جب کہ پی آئی اے نے بھی ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے۔

