Pakistan Popular تازہ ترین

متحدہ عرب امارات کی تاجربرادری اور سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں،فیصل نیاز ترمذی

اسلام آباد:متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں اور تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔پاکستان کے سفیرجنہوں نے گزشتہ ماہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں مقامی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ اپنی تعارفی ملاقاتوں کے ایک حصے کے طور پر ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (اے ڈی سی سی آئی) اور شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کا دورہ کیا۔

خلیج ٹائمز رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ڈائریکٹر جنرل محمد ہلال المہیری سے ملاقات کی اور متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی اور ابوظہبی میں کاروبار کی سہولت کے لیے ابوظہبی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے اپنائی گئی پالیسیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں چیمبرز آف کامرس کے ساتھ اے ڈی سی سی آئی کے تعاون کو بڑھانے اور دو طرفہ دوروں پر زور دیا۔پاکستانی سفیر نے محمد ہلال المہیری کو پاکستان کی سرمایہ کاری کے نظام اور سرمایہ کاری کی آسان پالیسیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے ابوظہبی چیمبر کے ڈائریکٹر جنرل اور اراکین کو ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے پاکستان آنے کی دعوت دی۔دونوں فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں ایک ایک پروجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔قبل ازیں پاکستانی سفیر نے شارجہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کے چیئرمین عبداللہ سلطان ال اویس سے بھی ملاقات کی اور متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو اپ گریڈ کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔نیاز ترمذی نے پاکستان میں دوستانہ اقتصادی پالیسیوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروبار کرنے میں آسانی پر روشنی ڈالی اور چیمبر کے چیئرمین اور ممبران کو پاکستان کا دورہ کرنے اور ملک کے مہمان نوازی اور سیاحت کے شعبوں میں بے پناہ اقتصادی مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے چیمبر کو پاکستان میں ہونے والے انٹرنیشنل ٹریڈ شو میں شرکت کی دعوت بھی دی، جو فروری 2023 میں ہونے والا ہے۔پاکستان کے سفیر نے کاروبار اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں شارجہ کی نمایاں پوزیشن کو بھی سراہا، تاجر برادری کی خدمت اور پاکستانی تاجر برادری کے ساتھ تعاون کو تقویت دینے کے لیے چیمبر کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی اور ال اویس نے اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح ترجیحی اقتصادی شعبوں کو مزید ترقی دی جائے اور شارجہ اور پاکستان کی کاروباری برادریوں کے درمیان شراکت داری کے نئے افق کھولے جائیں۔ال اویس نے دورہ کرنے والے وفد کا خیرمقدم کیا اور نئے پاکستانی سفیر کی اپنے فرائض میں کامیابی اور دونوں ممالک کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کی خواہش کی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کی قیادتوں کی جانب سے ہر سطح پر اپنے تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کے جذبے کی بدولت متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط اور گہرے ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں یقینی طور پر دونوں فریقوں کو ایکشن پلان تیار کرنے اور شارجہ اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے امکانات تلاش کرنے کی حوصلہ افزائی کریں گی۔

ایس سی سی آئی کے ڈائریکٹر جنرل محمد احمد امین العوادی،؛ فاطمہ خلیفہ المقرب، بین الاقوامی تعاون کے شعبے کی سربراہ ایس سی سی آئی اوردونوں اطراف سے پاکستانی سفارتکاروں اور کاروباری شخصیات نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

Exit mobile version