Pakistan Popular تازہ ترین

قاتلانہ حملے میں عمران خان زخمی، پی ٹی آئی کا 1 کارکن جاں بحق

گجرات(کیو نیوز) وزیر آباد میں اولڈ کچہری چوک پر لانگ مارچ میں فائرنگ سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے جبکہ معظم گوندل نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔

نامعلوم شخص کنٹینر کے نیچے تھا جس نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی ۔ فائرنگ سے 13 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ جس کی شناخت معظم گوندل کے نام سے ہوئی جس کا تعلق بھروکی چیمہ سے تھا۔ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔عمران خان کا مارچ ایک سڑک سے گزر رہا تھا کہ گلی سے ایک شخص نکلا اور کنٹینر کے قریب آکر فائرنگ کردی۔ موقع پر موجود پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ملزم کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرکے اسلحہ قبضے میں لے لیا ہے۔ملزم نے عمران خان کا نشانہ لیکر پورا برسٹ فائر کیا۔ حملہ آور کو دیکھ کو پی ٹی آئی کارکن نے پستول ہر ہاتھ مارا جس سے اس کا رخ بدل گیا اور کئی لوگ جسم کے نچلے حصوں پر گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔سیکیورٹی اہلکاروں نے عمران خان کو کنٹینر کے اندر فورا نیچے محفوظ جگہ پر منتقل کیا۔  کنٹینر سے بھی اعلان کیا گیا کہ عمران خان کی ٹانگ میں گولی لگی ہے۔سیکورٹی فورسز نے عمران خان کو کنٹینر سے نکال کر فورا بلٹ پروف گاڑی میں طبی امداد کے لیے شوکت خانم ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ سینیٹر فیصل جاوید،عمرڈار،احمد چھٹہ کوبھی گولیاں لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی پہلاموقع نہیں جب لیڈرکوماردیاجاتاہے۔فواد چوہدری نے کہا ہے کہ فائرنگ کرنے والے نے عمران خان کا نشانہ لیا تھا، ہم سب نے ان کے سامنے کھڑے ہو کر ان کی جان بچائی۔وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔مقتول معظم گوندل کے ماموں نے بتایا کہ وہ دو ماہ کی چھٹیوں پر بیرونِ ملک سے پاکستان آیا تھا اور وہ تین بچوں کا والد تھا۔شوکت خانم اسپتال لاہور کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر فیصل سلطان نے بتایا کہ ڈاکٹرز کا بورڈ عمراں خان کا علاج کررہا ہے ، گولی عمران خان کے دائیں پاؤں کو چھو کر گزری، ایکسرے میں گولی کے کچھ حصے نظر آرہے ہیں، عمران خان کو مکمل علاج کے بعد ڈسچارج کیا جائے گا۔عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی زمان پارک سے خانم اسپتال پہنچ گئیں۔پی ٹی آئی چیئرمین کی اہلیہ اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی نے سی ای او شوکت خانم سے عمران خان کی خیریت دریافت کی۔ بعد ازاں وہ سخت سیکیورٹی میں شوکت خانم اسپتال پہنچیں۔

Exit mobile version