اسلام آباد (کیو نیوز) قومی اور صوبائی اسمبلی کے 11 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے نتائج مکمل ہوچکے ہیں جن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ پی ٹی آئی نے 11 میں سے آٹھ نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ تین نشستوں پر حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کو کامیابی ہوئی۔ خیال رہے کہ اتوار کے روز قومی اسمبلی کی آٹھ جب کہ پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے قومی اسمبلی کی سات نشستوں سے الیکشن لڑا اور چھ میں کامیاب رہے۔ وہ بیک وقت چھ نشستوں سے کامیابی حاصل کرنے والے پاکستان کی تاریخ کے پہلے شخص بن گئے ہیں۔ اس سے قبل 2018 کے عام انتخابات میں انہوں نے قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے ریکارڈ بنایا تھا ، حالیہ ضمنی الیکشن میں انہوں نے اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

