پشاور: صدر مملکت نے خیبرپختونخوا حکومت کو کارکردگی بڑھانے سمیت پائیدار اور قابل عمل ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی ہدایت کردی۔
ان خیالات کا اظہار صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ کے دوران کیا، عارف علوی کو بتایا گیا کہ صوبہ میں صحت کارڈز سے 15 لاکھ مریض تقریباً 27 ارب روپے کے علاج کی سہولیات حاصل کر چکے۔بریفنگ کے دوران صدر کو بتایا گیا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران 1005 کلومیٹر پر محیط سڑکیں تعمیر کی گئیں جب کہ 1071 اسکول قائم کئے جا رہے ہیں یا ان کی تزئین و آرائش کی جا رہی ہے، اسی طرح 200 بی ایچ یوز، 50 آر ایچ سیز، اور 25 ڈی ایچ کیو کی تشکیل نو سے 24 گھنٹے سہولیات فراہمی پر کام جاری ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صوبائی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی ترقیاتی سرگرمیوں کو سراہا اور حکومتی کارکردگی بڑھانے سمیت پائیدار اور قابل عمل ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بہتر منصوبہ بندی اور عمل درآمد سے خدمات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بہتر مالیاتی کنٹرول اور احتساب سے ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی اور افادیت بہتر بنائی جائے، بہتر مالیاتی انتظام سے قومی اور صوبائی خزانے پر مالی بوجھ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

Leave feedback about this