اسلام آباد(کیو نیوز) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں، خونی مارچ کی بات کرنے والوں سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مریم اورنگزیب نےا پنے بیان میں کہا کہ فارن فنڈڈ، فراڈ، جھوٹے، فتنے کے پاس کہنے کو کچھ نہیں، ان کے ساتھ مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ فارن فنڈڈ فتنہ شفاف الیکشن نہیں، ملک میں انتشار، فساد، لاشیں اور خون چاہتا ہے۔ فارن فنڈڈ فتنے کا جھوٹ اور بہروپ دونوں بے نقاب ہو چکے ہیں۔ فارن فنڈڈ فتنہ چیف الیکشن کمشنر کو ہرجانے کا نوٹس دینے سے پہلے شہباز شریف اور خواجہ آصف کے ہرجانے کے نوٹسز کا جواب دے۔
انہوں نے کہا کہ 5 سال سے شہباز شریف کے 10 ارب روپے ہرجانے کے مقدمے میں عمران خان مفرور ہے ۔ ہرجانے کا نوٹس اس لیے کیونکہ چیف الیکشن کمشنر نے فارن فنڈڈ فتنے کا غلام بننے سے انکار کردیا، این آر او نہیں دیا ؟ہرجانے کا نوٹس اس لیے کیونکہ چیف الیکشن کمشنر نے فارن فنڈڈ فتنے کی توشہ خانے کی ڈکیتیاں پکڑیں؟ ہرجانے کے نوٹس سے پہلے فارن فنڈڈ فتنہ بتائے کہ رات کو ناکام مارچ چھوڑ کر گھر سونے کے لیے کیوں بھاگ گئے؟
بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان شہباز شریف اور خواجہ آصف کے ہرجانے کے نوٹسز کے جوابات دیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں مذاکرات کا آپشن ہمیشہ رہتا ہے لیکن مذاکرات سیاست دانوں کے ساتھ ہو سکتے ہیں فارن فنڈڈ فتنے کے ساتھ نہیں، گالی، دھمکی دھونس سے الیکشن کی تاریخ نہیں ملے گی اور الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ سڑکوں پر مذاکرات نہیں ہوں گے، کیا ملکی مفادات کے ساتھ کھیلنے والوں سے مذاکرات ہونے چاہئیں؟ لاشیں بکھیرنے اور خونی مارچ کی بات کرنے والوں کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے زکوٰۃ کا پیسہ اپنے سیا سی مقاصد کے لیے استعمال کیا، 25 مئی کو مسلح لوگ پکڑے گئے تھے، عمران خان کو جو کرنا ہے کرلیں اس کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ اگر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کا ذمہ دار عمران خان اور پنجاب حکومت ہو گی، اگر ہر ادارہ اپنی آئینی حقوق میں رہ کر کام کرے تو ملک ترقی کرے گا۔

