Pakistan Popular تازہ ترین

آرمی چیف کی وزیر اعظم سے ون آن ون ملاقات

اسلام آباد(کیو نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زیر اعظم ہاؤس میں سکیورٹی اجلاس میں شرکت کی ، تاہم ایک نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ آرمی چیف نے وزیر اعظم سے ون آن ون ملاقات میں اہم معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔نجی ٹی وی "دنیا نیوز” نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات میں قومی و داخلہ سلامتی سمیت ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشتگردی کو کسی صورت دوبارہ نہ پنپنے دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت ایک پیج پر ہے ۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں بڑی قربانیوں کے بعد امن بحال کیا گیا ، سکیورٹی اہلکاروں اور عوام کی امن کیلئے دی گی قربانیاں فراموش نہیں کی جا سکتیں۔خیال رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی (این۔ایس۔سی) کا اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزرا کے علاوہ سروسز چیفس، حساس اداروں کے سربراہان اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس نے ملک میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ حکام نے امن و امان کی صورتحال پر بریفنگز دیں۔ اجلاس نے ملک میں امن وامان کے قیام اور وطن عزیز کی سلامتی و دفاع کے لئے پاک فوج، رینجرز، پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے کردار کو سراہا اور اس عظیم مقصد کے لئے شہید ہونے والے افسران اور جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس نے شہدا کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے اعتراف کیا کہ شہدا نے ملک وقوم کے لئے جرات و بہادری اور شجاعت کی عظیم داستانیں رقم کی ہیں۔ اس عزم کا اعادہ کیاگیا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دی جائیں گی۔

Exit mobile version