Pakistan

آج ڈی چوک پر ہونے والا احتجاج موخر

پاکستان تحریک انصاف نے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنہ کرانے کی حکومتی یقین دہانی پر آج شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر ڈی چوک اسلام آباد میں اپنا احتجاج موخر کر دیا ۔

 

ایس سی او اجلاس کے تناظر میں احتجاج موخر کرنے کا فیصلہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران اکثریتی شرکا نے ملکی مفاد میں حکومت کی پیشکش قبول کرنے کی تجویز پیش کی۔

 

سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے حکومت کی جانب سے باضابطہ رابطہ کیا ہے اور بانی پی ٹی آئی کا طبی معائنہ کروانے کی یقین دہانی کروائی ۔

 

وزیر داخلہ نے یقین دہانی کروائی کہ آج صبح ڈاکٹرز کو اڈیالہ جیل بھجوایا جائے گا۔ بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھاکہ وزیرداخلہ محسن نقوی کی یقین دہانی پر ڈی چوک اسلام آباد میں پرامن احتجاج کو موخر کیا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ 3 اکتوبر کے بعد سے بانی پی ٹی آئی سے کسی کی بھی ملاقات نہیں ہوئی جس کی وجہ سے پارٹی قیادت ، کارکنان میں ان کی صحت کے حوالے سے تشویش تھی۔

 

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خان صاحب کی صحت ہم سب کیلئے اولین ترجیح ہے۔ اس حوالے سے ہم نے احتجاج کا اعلان کیا تھا اور حکومت کو درخواست دی تھی کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔

 

ایس سی او کی کانفرنس بھی ہو رہی ہے اور معزز مہمان آ چکے ہیں۔ وزارت داخلہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آج صبح ڈاکٹرز کو اڈیالہ جیل بھجوایا جائے گا۔

Exit mobile version